ایف ڈی اے دفتر میں مبینہ بد عنوانی ، ٹاؤٹ مافیا کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات

ایف ڈی اے دفتر میں مبینہ  بد عنوانی ، ٹاؤٹ مافیا کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات

شہریوں کے جائز کاموں میں غیر ضروری اعتراضات لگا کر رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں، بھاری رقوم وصول کر کے فائلیں منظور کی جانے لگیں ، سرکاری ریکارڈ اور اہم دستاویزات کے لیک ہونے کا خدشہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ایف ڈی اے دفتر کی مختلف برانچیں مبینہ طور پر ٹاؤٹ مافیا اور پرائیویٹ افراد کے اثر میں آ گئیں، جس کے باعث شہریوں اور ڈویلپرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق دفاتر آنے والے افراد کے کاموں میں مبینہ طور پر غیر ضروری اعتراضات لگا کر رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں، جس کے بعد انہیں مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد اور ٹاؤٹ مافیا سے رجوع کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔یہ بھی انکشاف سامنے آیا ہے کہ مبینہ طور پر انہی ذرائع کے ذریعے بھاری رقوم وصول کر کے فائلیں منظور کی جاتی ہیں۔

اس صورتحال کے باعث سرکاری ریکارڈ اور اہم دستاویزات کے لیک ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمے کے بعض افسران اور ملازمین کی مبینہ ملی بھگت سے یہ سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث پراپرٹی کی منتقلی اور دیگر امور میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔متاثرہ افراد کی متعدد شکایات کے باوجود صورتحال میں بہتری نہ آ سکی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاؤٹ مافیا کا خاتمہ کیا جائے اور سرکاری نظام کو شفاف بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں