شہریوں کو نکاسی آب سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح:ایم ڈی واسا
ثاقب رضا کی 20 اپریل تک تمام پونڈنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے کی ہدایت
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)مینیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے شہر کے ایسٹرن سائیڈ کے مختلف علاقوں کے پونڈنگ پوائنٹس کا دورہ کیا اور 20 اپریل تک تمام پونڈنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے ڈی ایم ڈی او اینڈ ایم عثمان ضیا اور ڈائریکٹر آپریشنز نعمان نور کے ہمراہ ڈی گرائونڈ ، جڑانوالہ روڈ ، کوہ نور چوک کا وزٹ کا اور وہاں روڈ سائیڈ ڈرینز لائنوں کی ہونے والی ڈی سلٹنگ کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا نے مختلف پونڈنگ پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے وہاں سے متوقع بارشوں کے بعد مختصر وقت میں پانی کے اخراج بارے خصوصی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی۔
ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے واضح کیا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی تاخیر یا سستی قابل قبول نہیں ۔انہوں نے ڈائریکٹر آپریشنز نعمان نور کو تاکید کہ 20 اپریل تک تمام پونڈنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات ہر صورت مکمل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام پونڈنگ پوائنٹس پر ڈی واٹرنگ سیٹس کی انسٹالیشن، سیوریج لائنوں ، روڈ سائیڈ ڈرینج لائنوں کی ڈی سلٹنگ ، ڈیوٹی سٹاف اور ان کے لئے ضروری سامان سمیت دیگر ضروریات شامل ہیں دستیاب ہونی چاہئیں۔