کتب بینی پروان چڑھانے کیلئے طلبا ریڈنگ کلب کو فروغ دیں : کمشنر
راجہ جہانگیر کی ڈی گرائونڈ پارک میں قائم ای لائبریری کے دورہ پر گفتگو
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈی گرائونڈ پارک میں قائم ای لائبریری میں بک ریڈنگ کلب بنانے کا ٹاسک تفویض کردیا۔انہوں نے ای لائبریری کا دورہ کیا اور کتب بینی میں مشغول طالب علموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بک ریڈنگ کلب کو فروغ دیں تاکہ کتب بینی پروان چڑھے ،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر،ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر،ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خاں،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان اور سی او میونسپل کارپوریشن مرتضی ملک بھی موجود تھے۔
کمشنر نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کی تحریک پر ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام پارکوں میں تفریحی سہولیات کے ساتھ کتاب دوست ماحول پروان چڑھانے کا سلسلہ جاری ہے اورشہر کے وسط میں واقع ڈی گرائونڈ پارک میں سٹیٹ آف دی آرٹ پبلک لائبریری اسی سلسلے کی کڑی ہے جبکہ اس سے قبل باغ جناح میں بھی لائبریری فعال جہاں روزانہ بڑی تعداد میں کتب بینی کے شوقین رخ کررہے ہیں کمشنر نے لائبریری کے مختلف حصے دیکھے اور شہر کے دیگر پارکوں میں بھی اسی طرز کی لائبریری قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ای لائبریری میں ڈیجیٹل اور مینوئل دونوں طرز کی علمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں لائبریری میں انٹرنیٹ، آئی پیڈ اور کمپیوٹرز کے ذریعے تحقیق اور مطالعہ کی سہولت بھی میسر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ای لائبریریز کا قیام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔