سرکاری نصابی کتب کی غیر قانونی فروخت کیخلاف چھاپے
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جڑانوالہ طارق محمود نے دکانوں پر چیکنگ کی
بلوچنی، جڑانوالہ (نمائندگان دنیا )ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جڑانوالہ طارق محمود نے سرکاری نصابی کتب کی غیر قانونی خرید و فروخت روکنے کے لیے شہر بھر میں بک شاپس پر اچانک چھاپے مارے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری حافظ محمد ذاکر کی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے طارق محمود نے مختلف کتابوں کی دکانوں اور پرانی کتابوں کے ذخائر کا معائنہ کیا۔ اس دوران اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز شاہد رمضان اور وسیم اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے ۔حکام نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سرکاری نصابی کتابیں، جن پر واضح طور پر Not For Sale درج ہوتا ہے ، کسی بھی صورت فروخت نہ کی جائیں، کیونکہ یہ قانوناً جرم ہے ۔