سرغنہ سمیت 20 اغواکار گرفتار،مغویہ بحفاظت بازیاب
تاندلیانوالہ(نمائندہ دنیا)تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 425 گ ب درج کے اغوا کیس میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے خطرناک گروہ کے سرغنہ سمیت 20 ملزموں کو گرفتار کرلیا جبکہ مغویہ کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزمان میں نعمان عرف نومی کھچی اور بگو نامی ملزم شامل ہیں جو سابقہ ریکارڈ یافتہ اور سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ ملزموں نے لڑکی کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔یہ کامیاب کارروائی مہر سعید سیال ایس پی صدرکی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ڈی ایس پی اعجاز بٹ کی قیادت میں ایس ایچ او فیصل مختار گجر اور پولیس ٹیم نے دن رات محنت کر کے جدید تفتیشی ذرائع اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر حجرہ شاہ مقیم اکاڑہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بازیاب کروا لیا اور تمام ملزموں کو گرفتار کر لیا۔