کھمبوں کی تنصیب کے نام پر ہفتہ میں 2دن بجلی بند
نو شہرہ ورکاں اور گردو نواح کے رہائشی شدید متاثر، حکام سے نو ٹس کا مطالبہ
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )گرمی کی آمد سے قبل ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بتدریج اضافہ ہونے لگا جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں پہلے درختوں کی کٹائی کے نام پر ہفتے میں دو دن بجلی کی فراہمی معطل کی جاتی تھی تاہم اب چند ماہ سے ماڈل بازار میں نئے پول لگانے کے بہانے ہفتے میں دو دن بجلی بند رکھی جا رہی ہے جہاں محض دس سے بارہ پول نصب ہونے ہیں وہاں چند دنوں میں مکمل ہونے والا کام مہینوں سے جاری ہے جبکہ ایک بازار میں کام کرنے کیلئے تین سے چار فیڈرز کی بجلی بند کر دی جاتی ہے جسکے باعث پورا علاقہ متاثر ہوتا ہے ، یوں شدید گرمی کے موسم سے قبل ہی بجلی کی بار بار بندش نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا ہے ۔صارفین کے احتجاج کے باوجود گیپکو حکام کی جانب سے کوئی موثر اقدامات نظر نہیں آ رہے کیونکہ بااثر افراد اور اداروں میں سولر سسٹم نصب ہونے کے باعث وہ اس صورتحال سے متاثر نہیں ہوتے جبکہ عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہرویں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ نوشہرہ ورکاں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ترقیاتی کاموں کے نام پر بجلی کی طویل بندش کا فوری نوٹس لیا جائے۔اور صارفین کو بجلی کی مسلسل سپلائی جاری رکھی جائے ۔