پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، فیصل راٹھور
حویلی کے وفد کی ملاقات،پی پی میں شمولیت کا اعلان، تارکن وطن ملک کے سفیر، وزیراعظم
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ضلع حویلی کے علاقوں شیخ سولی، کہوٹہ اور کلالی سے متعدد افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ وزیراعظم نے نئے شامل ہونے والے افراد کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی حقوق کی جدوجہد کی علامت ہے اور اس جماعت نے ہمیشہ عوامی خدمت اور جمہوریت کے استحکام کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ ادھر غربی مندہار کے ایک وفد نے خواجہ منظور لون ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے معروف اعظم رچیال کو یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی صلاحیتوں اور خدمات کا اعتراف ہے بلکہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کیلئے بھی باعثِ فخر ہے۔ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان اور کشمیر کے بہترین سفیر ہیں اور ان کی خدمات ملکی معیشت اور ترقی میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔