کوٹ ادو :ٹینکی ڈرائیور کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا جاں بحق
حادثہ موضع پتی غلام علی غربی میں پیش آیا، وزیراں مائی اور سعید موقع پر چل بسے
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)تھانہ سنانواں کے علاقہ موضع پتی غلام علی غربی میں تیز رفتاری کے باعث ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں ماں اور بیٹا جاں بحق ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کارہائشی نوید احمد سنانواں کا 20 سالہ بیٹا سعید احمد اپنی والدہ 40 سالہ وزیراں مائی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ نامعلوم ٹینکی ڈرائیور نے غفلت اور تیز رفتاری کے باعث ان کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔حادثے کے نتیجے میں ماں اور بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزم ٹینکی ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کے بعد فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے ۔ اہل علاقہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔