میونسپل یوٹیلیٹی سروسز ٹیکس کاحساب دیا جائے ،منعم ظفر
سالڈ ویسٹ کے اختیارات نچلی سطح پر ٹاؤن اور یوسیز کو منتقل کیے جائیں:پی پی نے کراچی کے اداروں اور وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے ، تقریب سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ گزشتہ 12برس میں نا اہل اور ناکام ادارہ ثابت ہوا ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ختم کرکے اختیارات نچلی سطح پر ٹاؤن اور یوسیز کو منتقل کیے جائیں، کچرا اُٹھانے کے نئے معاہدے ٹاؤن کے ساتھ کیے جائیں، ٹھیکیداروں کی موجودہ ادائیگیاں ٹاؤن چیئر مین کی تصدیق سے کی جائیں، ادارے کا 12سالہ فارنزک آڈٹ کرایا جائے اور بلدیہ کراچی کو ملنے والے میونسپل یوٹیلیٹی سروسز ٹیکس کے اربوں کا بھی حساب دیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے ٹاؤن و یوسی چیئر مینوں اور اراکین سٹی کونسل کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی 18سال سے سندھ پر حکومت کر ہی ہے اور اس نے کراچی کے اداروں اور وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے ، کراچی کو تباہ و برباد کر دیا گیا ہے ، شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں، شہر کا پورا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے اور شہری پانی، ٹراسپورٹ، سڑکوں کی خستہ حالی، صفائی ستھرائی کے سنگین مسائل کا شکار ہیں، ہمارا واضح اور دو ٹوک موقف ہے کہ کراچی کے مسائل کا واحد حل با اختیار شہری حکومت ہے ۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ قابض میئر مرتضیٰ وہاب بطور سربراہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو چلانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔