اقتصادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنا ترجیح ،وزیر تجارت
پاکستان میں خوراک کی سپلائی چین مضبوط کریں گے ، رومینہ خورشید سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے خوراک کی سپلائی چین اور ماحولیاتی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں خوراک کی سپلائی چین مضبوط کریں گے ، اقتصادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنا حکومت کی ترجیح ہے ۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے ملاقات کے دوران کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں خوراک کی سپلائی چین مضبوط کریں گے ، اقتصادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنا حکومت کی ترجیح ہے ۔ انہوں نے توانائی کی بچت اور بہتر لاجسٹکس سروسز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سپلائی چین کی کارکردگی اور خوراک کی دستیابی پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی بہتری سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس حوالہ سے محدود اقدامات نہیں بلکہ مثر پالیسی پر توجہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل سپلائی چین اور متبادل نقل و حمل کو فروغ دیں گے ۔ جام کمال خان نے کہا کہ وزارت تجارت اور کلائمٹ اداروں کے درمیان ہم آہنگ فریم ورک تیار کیا جائے گا۔