کاروبار ی افراد کو ریلیف کیلئے اقدامات زیر غور:نور العین
پٹرول پمپس مالکان، ٹرانسپورٹرز،گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائند وں سے بات چیت
گجرات (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر نورالعین کی زیر صدارت پٹرول پمپس مالکان، ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن، انجمن تاجران، رکشہ و چنگ چی یونین اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگی صورتحال کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں مختلف کاروباری و ٹرانسپورٹ شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے تحفظات اور مسائل پیش کئے ۔ شرکا نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے تمام نمائندگان کے مسائل کو سنا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ان کے تحفظات اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات پر غور کر رہی ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ نئے کرایہ نامے جاری کیے جائیں گے ، جن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی پالیسیوں اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔