تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پیرمحل زچگی کے دوران خاتون جاں بحق
پیرمحل (نمائندہ دنیا ) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پیرمحل میں زچگی کے لیے آنے والی خاتون جاں بحق ہو گئی، جس پر ورثاء نے ہسپتال عملہ پر مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
نسرین بی بی کو زچگی کے لیے ہسپتال لایا گیا جہاں نارمل ڈلیوری کے بعد انہیں گھر لے جانے کا کہا گیا۔ ورثاء کے مطابق گھر روانگی سے قبل خاتون کی اچانک طبیعت بگڑ گئی، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ورثاء نے الزام لگایا ہے کہ واقعہ ہسپتال عملے کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا۔ادھر واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔