1100نجی سکولوں کی رجسٹریشن، تجدید کی درخواستیں مسترد
درخواستیں سکروٹنی کے عمل کے دوران قواعد و ضوابط پورے نہ کرنے پر خارج کی گئیں،سکولوں کو جرمانوں کا بھی سامنا کرنا پڑیگانجی تعلیمی اداروں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ ،قواعد پورے نہ کرنیوالے سکولوں کیخلاف کارروائی جاری رہے گی:سی ای او
لاہور(خبر نگار)لاہور میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے تقریباً 1100 نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور تجدید کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ درخواستیں سکروٹنی کے عمل کے دوران قواعد و ضوابط پورے نہ کرنے پر خارج کی گئیں۔ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی ایپ ڈاؤن لوڈ نہ کرنے ، گرین سرٹیفیکیشن حاصل نہ کرنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کو جرمانوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔حکام کے مطابق متاثرہ سکولوں کو قواعد پورے کرنے کے لیے ایک اور موقع دیا گیا ہے اور جو سکول تمام ایس او پیز مکمل کریں گے انہیں دوبارہ رجسٹریشن جاری کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں اس وقت تقریباً 5 ہزار نجی سکول رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ہر سال رجسٹریشن کی تجدید لازمی قرار دی گئی ہے ۔ایجوکیشن اتھارٹی نے شہر بھر میں نجی تعلیمی اداروں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے سی ای او اتھارٹی طارق محمود کا کہنا ہے کہ قواعد پر عمل نہ کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔