ستھرا پنجاب ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، پی پی کی مذمت

ستھرا پنجاب ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، پی پی کی مذمت

ڈی سی آفس فیصل آباد کے سامنے احتجاج کرنے والے ملازمین سے اظہار یکجہتی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے ستھرا پنجاب ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان قرار دیا ہے ۔ڈی سی آفس فیصل آباد کے سامنے احتجاج کرنے والے ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے محمد اعجاز چودھری نے کہا کہ غریب سرکاری ملازمین کی جانب سے کوڑا کرکٹ پھینک کر احتجاج کرنا پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے دعوؤں کی نفی ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت دیگر منصوبوں پر بھاری اخراجات کر سکتی ہے تو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیوں ممکن نہیں بنائی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں نچلے درجے کے ملازمین کے لیے دو ماہ تک تنخواہوں سے محرومی شدید مشکلات کا باعث بن چکی ہے ، جبکہ بارہا رابطوں کے باوجود ان کے اکاؤنٹس میں تنخواہیں منتقل نہ ہونا تشویشناک ہے ۔محمد اعجاز چوہدری نے ضلعی انتظامیہ اور کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی دو ماہ کی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں پاکستان پیپلز پارٹی ملازمین کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔انہوں نے اعلیٰ عدلیہ اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بھی معاملے کا فوری نوٹس لینے اور غریب ملازمین کے معاشی مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں