نئے صوبوں کے قیام سے احساس محرومی ختم ہو گا:فیصل صالح

نئے صوبوں کے قیام سے احساس محرومی ختم ہو گا:فیصل صالح

ملک میں کم از کم 8 سے 10 نئے صوبے بننے چاہئیں ، ترقیاتی عمل بھی تیز ہوگا اسی سال بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ضروری اس نظام کا کوئی متبادل نہیں:گفتگو

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق وفاقی وزیر داخلہ اور ن لیگی رہنما سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے عوام میں احساس محرومی نہ صرف ختم ہوگا بلکہ آئینی حقوق کی فراہمی بھی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔شاہ جیونہ مخدوم ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کم از کم 8 سے 10 نئے صوبے بننے چاہئیں کیونکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر انتظامی ڈھانچے میں بہتری ناگزیر ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے موجودہ انتظامی ڈھانچے میں تقسیم آنے والی نسلوں کے لیے زیادہ بہتر ثابت ہو سکتی ہے ۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے عوام کو براہ راست ان کے آئینی حقوق کی فراہمی ممکن ہو گی اور ترقیاتی عمل بھی تیز ہوگا۔

سید فیصل صالح حیات نے مزید کہا کہ اسی سال بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ضروری ہے کیونکہ بلدیاتی نظام کا کوئی متبادل نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن بھی اس حوالے سے حکومت کو آگاہ کر چکا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے بھی تیاری جاری ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے صوبوں اور بلدیاتی نظام کے مؤثر نفاذ سے عوامی مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور گورننس بہتر ہو گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں