لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان، معمولاتِ زندگی متاثر

 لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان، معمولاتِ زندگی متاثر

بجلی کی عدم دستیابی سے پڑھائی متاثر ہو رہی ،کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ

ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے کاروبار، تعلیم اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہونے لگی۔ فیصل آباد سمیت تحصیل صدر کے علاقوں دھاندرہ، سدھار، ٹھیکریوالا، پینسرہ اور گردونواح کی آبادیوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے ، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں جبکہ شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے۔

جس سے نیند متاثر ہونے کے باعث روزمرہ معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب مریض، بالخصوص وہ افراد جو برقی آلات کے ذریعے علاج پر انحصار کرتے ہیں، شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔طلبہ نے بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی سے پڑھائی متاثر ہو رہی ہے اور تعلیمی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں