چک جھمرہ:پاک فوج کے حق میں ریلی، قومی یکجہتی کا مظاہرہ
پاک فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ ، پوری قوم ساتھ کھڑی ہے : آزاد علی
چک جھمرہ (نامہ نگار )میونسپل کمیٹی چک جھمرہ سے غلہ منڈی تک پاک فوج کے حق میں ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ سید زبیر حبیب گیلانی اور سی ای او ظفر چھٹہ نے کیا۔ریلی میں رکن صوبائی اسمبلی آزاد علی تبسم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ ریلی معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ اور آپریشن \"بنیان مرصوص\" کی تکمیل کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، صحافیوں اور طلبہ کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔رکن صوبائی اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم ہمیشہ ناکام بنائے جائیں گے ۔