ڈپٹی کمشنر وہاڑی کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر وہاڑی کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

معرکۂ حق تقریبات بھرپور انداز میں منانے اور ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت دو اہم اجلاس منعقد ہوئے جن میں وزیراعلیٰ پنجاب ترقیاتی پروگرام اور ’’معرکۂ حق‘‘ کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔تفصیل کے مطابق ترقیاتی اجلاس میں واٹر ڈرینج، سیوریج، سٹورم واٹر ڈرینز، پارکس، سٹریٹ لائٹس اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بوریوالا اور گگو منڈی کیلئے 9 ارب روپے ، وہاڑی کیلئے 6 ارب روپے جبکہ میلسی کیلئے ساڑھے 6 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔دوسرے اجلاس میں ’’معرکۂ حق‘‘کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں پینا فلیکسز، لائٹس، ملی نغموں اور خصوصی سجاوٹ کے انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے ۔ سکولوں اور کالجوں میں تقاریر اور ریلیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 9 مئی کو چاندنی پارک میں خصوصی کنسرٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی غلام مرتضیٰ، اے سی انعم اکرم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں