ٹو بہ ٹیک سنگھ: ناقص جوس تیار کرنے والا یونٹ سیل

ٹو بہ ٹیک سنگھ: ناقص جوس تیار کرنے والا یونٹ سیل

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کی ،دو ملز موں کو گرفتار کیا

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ناقص جوس تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مار کر دو ملز موں کو گرفتار کر لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق کی زیر قیادت رضا آباد کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر طویل ریکی کے بعد جوس پلانٹ پر کارروائی کی گئی، جہاں بڑی مقدار میں مضر صحت جوس تیار کیا جا رہا تھا۔کارروائی کے دوران 250 ملی لیٹر کی پیکنگ میں 191 لیٹر، 500 ملی لیٹر میں 143 لیٹر جبکہ 1 لیٹر کی پیکنگ میں 195 لیٹر ناقص جوس برآمد کر کے ضبط کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ 168 لٹر پلپ، 20 ہزار ڈھکن، 5 ہزار 860 خالی بوتلیں اور جعلی لیبل بھی برآمد ہوئے ۔حکام کے مطابق موقع سے جوس تیار کرنے والی مشین اور دو ٹب بھی قبضے میں لے لیے گئے جبکہ یونٹ بغیر لائسنس کے چلایا جا رہا تھا۔ ملزمان طالب حسین اور عمران علی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز یاسر مشتاق نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے ، اور ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں