سکولوں میں پینے کے پانی کی قلت، طالبات مشکلات کا شکار
طالبات کو پانی کے حصول کیلئے طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے
ٹھیکریوالا، پینسرہ (نمائندگان دنیا )سرکاری اسکولوں میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سنگین مسئلہ بن گئی، شدید گرمی میں طالبات کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ والدین اور عوامی حلقوں نے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سدھار میں پینے کے پانی کی قلت تشویشناک صورتحال اختیار کر گئی ہے ۔ سکول میں زیر تعلیم 2 ہزار سے زائد طالبات کے لیے صرف 4 سے 5 چھوٹے واٹر کولرز دستیاب ہیں، جو تعداد کے لحاظ سے انتہائی ناکافی ہیں۔طالبات کو وقفے کے دوران پانی کے حصول کے لیے طویل قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے ، جس سے نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ شدید گرمی کے باعث صحت کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کروائی ہے ۔ والدین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں طالبات کے لیے صاف اور ٹھنڈے پانی کی مناسب فراہمی نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ۔