اسسٹنٹ کمشنر کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ ، معیار چیک کیا
ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جائیں،معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے : ہدایت
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار اور معیار کو چیک کیا۔اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب نے چیف میونسپل کمیٹی محسن مظہر کے ہمراہ مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جائیں اور معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس لیے اس منصوبے کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے ۔دورے کے دوران چیف میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے اسسٹنٹ کمشنر کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی اور یقین دہانی کرائی کہ کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔