زرعی یونیورسٹی،روف ٹاپ بائیوفلوک ماہی پروری ماڈل کا افتتاح
10فٹ قطر کے دو بائیو فلوک ٹینکوں میں 12 من مچھلی پیدا کرنے کی صلاحیت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ماہی پروری کا جدید اور منافع بخش ماڈل روف ٹاپ بائیوفلوک ڈیمونسٹریشن سسٹم قائم کر دیا گیا، جس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کیا۔اس موقع پر ڈین سائنسز ڈاکٹر عامر جمیل، چیئرمین زوالوجی وائلڈ لائف اینڈ فشریز ڈاکٹر خالد عباس، ڈاکٹر عبدالمتین، رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران، ٹریژرر ذیشان اشفاق بخاری اور ڈپٹی ٹریژرر فیصل شہزاد سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے ۔10 فٹ قطر کے دو بائیو فلوک ٹینکوں میں ایک سیزن کے دوران 12 من مچھلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، جبکہ روایتی طریقہ کار کے تحت اتنی پیداوار کے لیے تقریباً آدھے ایکڑ رقبے کی ضرورت ہوتی ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ بائیو فلوک ٹیکنالوجی ایک جدید نظام ہے جو کم پانی کے استعمال کے ساتھ کام کرتا ہے اور غذائی اجزاء کو ری سائیکل کر کے پانی کے معیار کو بہتر بناتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ غذائی استحکام، پروٹین کی فراہمی اور معاشی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، کیونکہ اس کے ذریعے کم لاگت اور کم پانی میں زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید رجحانات کو اپنایا جائے تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے ۔