معرکہ حق کی سالگرہ،ٹوبہ میں میوزک کنسرٹ،آتش بازی
معرکہ حق کی سالگرہ،ٹوبہ میں میوزک کنسرٹ،آتش بازی قوم اپنی بہادر افواج کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی :جنید انوار
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )معرکہ حق کی تاریخی فتح کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سپورٹس سٹیڈیم میں میوزک کنسرٹ اور آتش بازی کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری، ایم پی اے کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی، ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال، مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی قوم کے اتحاد، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوام کے غیر متزلزل اعتماد کا مظہر ہے ،پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے ۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے خطاب میں کہا کہ 9 مئی معرکہ حق کی فتح قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان سے بے لوث محبت کی روشن علامت ہے ۔میوزک کنسرٹ میں معروف سوال بینڈ اور ظہور لوہار نے اپنی فنکارانہ پرفارمنس سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا ،جبکہ نوجوانوں نے قومی ترانوں پر بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔