اتائیوں کے خلاف کارروائیاں تیز، 3 کلینک سربمہر
اتائیوں کے خلاف کارروائیاں تیز، 3 کلینک سربمہر ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر صومیہ جمیل کی جڑانوالہ اور مکوآنہ میں کارروائیاں
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر صومیہ جمیل کی اتائیوں کے خلاف کارروائیاں تیز، 3 کلینک سیل کردیئے ۔ ڈاکٹر صومیہ جمیل نے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے جڑانوالہ اور مکوآنہ میں کارروائیاں کیں ۔ڈاکٹر صومیہ جمیل نے عوامی شکایات موصول ہونے پر مکوآنہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جہاں غیر تربیت یافتہ افراد انسانی جانوں سے کھیلتے ہوئے غیر قانونی علاج معالجہ کر رہے تھے ۔ کارروائی کے دوران کلینکس کو سیل کر دیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں ایلوپیتھک ادویات قبضے میں لے کر چالان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور بھجوا دیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر صومیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اتائیت انسانی زندگیوں کیلئے سنگین خطرہ ہے اور کسی کو بھی غیر قانونی طور پر علاج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔