چک 66دھاندرہ میں سیوریج نظام درہم برہم ، بیماریوں کا خدشہ

 چک 66دھاندرہ میں سیوریج نظام درہم برہم ، بیماریوں کا خدشہ

علاقہ مکینوں کا صفائی آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ، انتظامیہ سے فوری نوٹس کی اپیل

ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) چک 66 ج ب دھاندرہ میں سیوریج کھالوں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر صدر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق یونین کونسل 169 چک 66 ج ب دھاندرہ ناصر ٹاؤن میں سیوریج کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے ۔ نالیوں اور کھالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی گھروں اور بازاروں میں جمع ہو رہا ہے ، جس سے علاقے میں بدبو اور تعفن پھیل گیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد مقامات پر خالی پلاٹ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے ہیں جبکہ ستھرا پنجاب ٹیمیں بھی طویل عرصے سے صفائی کے لیے علاقے کا رخ نہیں کر رہیں، جس کے باعث نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے ۔شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے اور گندگی و تعفن کے باعث بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر صدر سے فوری نوٹس لینے اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صفائی آپریشن شروع کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں