ماموں کانجن:صفائی ورکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

ماموں کانجن:صفائی ورکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج

ماموں کانجن (نمائندہ دنیا)ماموں کانجن میں ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز نے دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے خلاف بنگلہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق سینٹری ورکرز، مشینری آپریٹرز، رکشہ ڈرائیورز اور سپروائزرز نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے جبکہ دکانداروں اور دودھ فروشوں نے بھی ادھار دینا بند کر دیا ہے ۔مظاہرین نے کہا کہ عید قریب ہونے کے باوجود وہ اپنے بچوں کے لیے نئے کپڑے تک نہیں خرید سکے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں، ہڑتال جاری رہے گی۔احتجاج کے باعث شہر کی گلیاں اور بازار کوڑے کرکٹ سے بھر گئے ہیں۔جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کے مطابق اگر ہڑتال فوری ختم نہ ہوئی تو قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے بدبو اور بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔مظاہرین نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کمپنی دفتر کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے بھی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے عید سے قبل تنخواہیں دلوانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں