بستی پیر تاج دین میں صفائی کا ناقص نظام، 400 گھرانے متاثر
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)بستی پیر تاج دین میں صفائی کا ناقص انتظام، 400 گھرانے گندگی میں ڈوب گئے ۔تفصیل کے مطابق 18 ہزاری میں ستھرا پنجاب پروگرام اور میونسپل کمیٹی کی مبینہ ناقص کارکردگی کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
تقریباً 400 گھرانوں پر مشتمل اس بستی میں صرف ایک ڈسٹ بن موجود ہے جو آبادی کے لحاظ سے ناکافی ہے ، جس کے باعث شہری سڑکوں اور عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر مجبور ہیں۔بستی کے مکینوں کے مطابق علاقہ میونسپل کمیٹی دفتر کے قریب ہونے کے باوجود صفائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ستھرا پنجاب کا عملہ باقاعدگی سے نہیں آتا اور کوئی واضح صفائی شیڈول بھی موجود نہیں۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مزید ڈسٹ بن فراہم کیے جائیں، صفائی عملہ باقاعدگی سے بستی کا دورہ کرے۔ میونسپل کمیٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور ستھرا پنجاب ہیلپ لائن کو فعال بنایا جائے تاکہ شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے ۔