عید قرباں منڈی میں مہنگائی کے باعث خریداروں کی کمی
مہنگائی کے باعث سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی متاثر ہونے کا خدشہ :شہری وبیوپاری
چناب نگر (نامہ نگار) عید قرباں کے لیے لگائی گئی مویشی منڈی میں مہنگائی کے باعث خریداروں کی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ، جس سے جانور فروخت کرنے والے بیوپاری پریشانی کا شکار ہیں۔شہر میں عید قرباں قریب آتے ہی منڈی میں گائے ، بھینس، بکرے اور دنبے سمیت مختلف جانور فروخت کے لیے لائے گئے ہیں، تاہم سخت گرمی، دھوپ اور سہولیات کے فقدان کے باعث صورتحال مزید مشکل ہو گئی ہے ۔ بیوپاریوں کے مطابق مہنگائی کی وجہ سے خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں۔جانور فروخت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ سال بھر جانوروں کو مختلف خوراک جیسے کھل، ونڈا، باجرہ اور شتالا وغیرہ کھلا کر اس امید پر پالتے ہیں کہ عید قرباں پر اچھی قیمت ملے گی اور اخراجات پورے ہوں گے ، لیکن اس بار خریداروں کی کمی نے ان کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔دوسری جانب خریداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے روزمرہ زندگی کو متاثر کر دیا ہے اور محدود بجٹ کے باعث وہ مناسب قیمت میں جانور تلاش کرنے پر مجبور ہیں، تاہم اچھے جانور بھی مہنگے داموں دستیاب ہیں۔شہریوں اور بیوپاریوں کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث اس سال سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔