عوام کو ریونیو سے متعلق خدمات کی بروقت فراہمی ترجیح :علی اکبر
ڈپٹی کمشنرجھنگ کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا بھی دورہ، ہدایات جاری
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ عوام کو ریونیو سے متعلق خدمات کی بروقت اور شفاف فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریونیو عوامی خدمت سروسز کے دوسرے روز شہریوں کی جانب سے موصول درخواستوں کی سماعت کے دوران کیااور متعلقہ افسران کو شہریوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اورہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے فراہم سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے بارے دریافت کیا۔ انہوں نے بعض مریضوں کی شکایات بھی سنیں اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو فوری ازالے کے احکامات جاری کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو بھی چیک کیا ۔