کالج آستانہ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، طلبہ اور شہریوں کو مشکلات
سڑک کی خستہ حالی اور گرد و غبار کے باعث کالج جانے والے طلبہ کو پریشانی
لالیاں (نمائندہ دنیا) کالج آستانہ روڈ عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث طلبہ، راہگیروں اور مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔سڑک کی خستہ حالی اور گرد و غبار کے باعث روزانہ کالج جانے والے طلبہ کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے ، جبکہ صبح کے اوقات میں دھول مٹی کے باعث نوجوانوں کی حالت بھی واضح طور پر متاثر نظر آتی ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق سڑک کے دونوں اطراف خود رو کانٹے دار جھاڑیاں بھی اگ چکی ہیں، جو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہیں۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران اس سڑک سے گزرنا مزید دشوار ہو جاتا ہے ، اور ہائیر سیکنڈری اسکول، ڈگری کالج اور ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر آفس تک رسائی انتہائی مشکل ہو جاتی ہے ۔مقامی افراد نے ڈی سی چنیوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ کالج آستانہ روڈ کی فوری مرمت اور صفائی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ طلبہ اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔