چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے ،آئی جی سندھ

چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے ،آئی جی سندھ

چینی ماہرین ، شہریوں کوفول پروف سیکیورٹی فراہم کر رہے ،جاوید عالم اوڈھو پولیس کے سیکیورٹی اقدامات باعثِ اطمینان ، قونصل جنرل یانگ ینڈونگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی)سندھ جاوید عالم اوڈھو سے چین کے قونصل جنرل یانگ ینڈونگ نے سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں الوداعی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کی کارکردگی اور سیکیورٹی اقدامات باعثِ اطمینان و افتخار ہیں اور وہ سندھ میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران سندھ پولیس کی جانب سے ملنے والے بہترین تعاون اور مکمل سپورٹ پر آئی جی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آئی جی نے کہا کہ چینی باشندوں کی حفاظت سندھ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں چینی ماہرین اور شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے ۔سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے چینی شہریوں، مختلف منصوبوں اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے متعلقہ چینی حکام کے ساتھ مستقل اور قریبی رابطے میں ہیں۔ سندھ پولیس چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی اور عوامی تحفظ کے شعبوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہے ۔ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات  مزید مضبوط ہوں گے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں