ٹوبہ :21 مذہبی مقررین کی زبان بندی کے احکامات
مقررین میں دیوبند مکتب فکر کے 11 اور اہل تشیع کے 10 مذہبی رہنما شامل
ٹوبہ ٹیک سنگھ (میاں عاطف سعید )محکمہ داخلہ پنجاب کی منظوری کے بعد ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے سلسلے میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 21 شعلہ بیان مقررین کی زبان بندی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق ان مقررین میں دیوبند مکتب فکر کے 11 اور اہل تشیع کے 10 مذہبی رہنما شامل ہیں۔زبان بندی کے احکامات جن مذہبی رہنماؤں کے لیے جاری کیے گئے ہیں، ان میں مولانا محمد اویس (مدرسہ کاشف العلوم)، مولانا عرفان شہزاد (خطیب جامع مسجد عشرہ مبشرہ ہاؤسنگ کالونی)، مولانا عبدالخالق کشمیری (اعوان کالونی گوجرہ)، قاری محمد رفیق انور چشتی (خطیب مدنی مسجد)، حافظ طاہر فاروقی (گوجرہ)، مولانا عتیق الرحمن گجر (جامع مسجد نیم والی کمالیہ)، محمد یوسف بخاری (کچی آبادی کمالیہ)، مولانا محمد عمر فاروق (مدرسہ نعمانیہ کمالیہ)، مولانا محمد اسماعیل (خطیب جامع مسجد فاروق اعظم، چک نمبر 421 ج ب گوجرہ)، شبیر افضل (عوامی بستی ٹوبہ)، قاری محمد جمیل (تبلیغی مرکز کمالیہ) شامل ہیں۔اہل تشیع مقررین میں سید محمد غفور نقوی (کمالیہ)، غلام عباس نقوی (موضع جکھڑ)، مولانا ضیغم حسین (حشمت چوک کمالیہ)، ضیاء الحسن زیدی (کھرلانوالہ کمالیہ)، رضوان حیدر (ٹوبہ ٹیک سنگھ)، رانا نعیم عباس (لکڑ منڈی ٹوبہ)، محسن رضا شاہ (محلہ جنڈی والا کمالیہ)، ذاکر محسن (چک نمبر 739 گ ب)، غیاث شاہ (چک نمبر 724 گ ب) اور مفتی عمران حیدری (محلہ شیخ برہان کمالیہ) شامل ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے ۔