اینٹی ویمن ہراسمنٹ سیل میں خواتین کیلئے مؤثر اقدامات
ایک ماہ میں 60 سے زائد درخواستیں نمٹا دیں ،گھریلو تشدد اور ہراسگی کے کیسز نمایاں
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل میں خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران سیل کو 60 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں گھریلو تشدد، میاں بیوی کے تنازعات اور دیگر لڑائی جھگڑوں سے متعلق 30 درخواستیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 5 ہراسمنٹ اور 20 سے زائد لین دین و دیگر نوعیت کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔تمام درخواستوں پر حسب ضابطہ کارروائی کرتے ہوئے خواتین کے مسائل حل کیے گئے ۔ اس حوالے سے سب انسپکٹر شمائلہ نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی مہم بھی جاری ہے اور شہری مختلف ایمرجنسی ایپس اور ہیلپ لائنز سے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے آن لائن شکایات درج کرا سکتی ہیں، تاکہ فوری اور مؤثر داد رسی ممکن ہو سکے ۔