کمشنر مسرت جبین اور آر پی او کا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ

 کمشنر مسرت جبین اور آر پی او کا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ

کسی بھی فرد کو کسی فرقے یا مسلک کی دل آزاری کی اجازت نہیں دی جائیگی محرم میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: آر پی او کی گفتگو

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبین کے ہمراہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا، جہاں ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس نے ان کا استقبال کیا۔ڈی سی آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن کمیٹی کے اراکین، ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ کسی بھی فرد کو کسی فرقے یا مسلک کی دل آزاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز یا توہین آمیز مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعد ازاں آر پی او اور کمشنر فیصل آباد نے ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کمالیہ میں محرم الحرام کے اہم جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی انتظامات، روٹس اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران آر پی او فیصل آباد پولیس لائنز ٹوبہ ٹیک سنگھ بھی پہنچے جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لیے دعا کی۔آر پی او نے پولیس لائنز میں قائم جدید جم کا افتتاح بھی کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں