ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل نہ کرنیوالے ٹھیکیداروں اور افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ
22 سکیموں کے لیے مختص فنڈز میں سے 94 فیصد جبکہ نئی 23 سکیموں کے لیے جاری فنڈز کا 91 فیصد استعمال ہو چکا ، بریفنگ، تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے محکمہ بلڈنگز کے ساڑھے 8ارب روپے سے شروع ہونیوالے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل نہ کرنیوالے ٹھیکیداروں اور متعلقہ فیلڈ افسران کے خلاف کاروائی کا عندیہ دیدیا، ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے گزشتہ روز محکمہ بلڈنگز کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، ایکسین بلڈنگز بدر سلطان و دیگر بھی موجود تھے ، جنہوں نے ضلع بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت، فنڈز کے اجراء اور استعمال کی تفصیلات سے آگاہ کیا ایکسین بلڈنگ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف محکموں کی مجموعی طور پر 45 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جن میں 22 جاری اور 23 نئی سکیمیں شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی مجموعی منظور شدہ لاگت 8 ارب 47 کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ مالی سال 2025-26 کے دوران ان سکیموں کے لیے 3 ارب 13 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کیے گئے ، جن میں سے 2 ارب 44 کروڑ روپے جاری ہو چکے ہیں جبکہ 2 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جا چکے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر جاری شدہ فنڈز کا 93 فیصد استعمال کیا جا چکا ہے ۔ بریفنگ میں مزیدبتایا گیا کہ جاری 22 سکیموں کے لیے مختص فنڈز میں سے 94 فیصد جبکہ نئی 23 سکیموں کے لیے جاری فنڈز کا 91 فیصد استعمال ہو چکا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ،بصورت دیگر متعلقہ افسران و ٹھیکیداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گی ،انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور ترقیاتی فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔