ویلفیئر ہسپتال کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) رفا سوسائٹی عزیز بھٹی ٹاؤن کا ماہانہ اجلاس صدر حاجی محمد دین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
جس میں رفاء ویلفیٔر ہسپتال بھٹی ٹاون کی تزئین و آرائش، فری دستر خوان کو جاری رکھنے اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔یہ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت میں مثالی کردار ادا کر رہا ہے ، جہاں محض 10 روپے کی پرچی پر روزانہ 150 سے 200 کے لگ بھگ مریضوں کا مفت چیک اپ اور انہیں مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ زچہ بچہ کی پیدائش (نارمل اور آپریشن) کے وقت بھی مریضوں سے انتہائی کم فیس وصول کی جاتی ہے ۔اجلاس میں بینک اکاؤنٹ کی بحالی سمیت ہسپتال کے دیگر امور نمٹانے کے لیے صدر کی نگرانی میں 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ، جس میں میاں طاہر محمود، شیخ کامران اصغر اور خواجہ محمد عمر شامل ہیں۔ سوسائٹی اراکین کا کہنا ہے کہ معززینِ شہر اور ڈاکٹرز کا تعاون مشعلِ راہ ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ سفر شانہ بشانہ جاری رہے گا۔اجلاس کے آخر میں ملک کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے لیے دعا بھی کی گئی۔