چناب نگر میں منی پٹرول پمپ مافیا دوبارہ متحرک ہو گیا
رہائشی علاقوں اور بازاروں میں کھلے عام فروخت، کریک ڈاؤن کا مطالبہ
چناب نگر (نامہ نگار)شہر اور گردونواح میں غیر قانونی منی پٹرول پمپوں کا کاروبار ایک بار پھر زور پکڑ گیا ہے ، جس کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہری علاقوں، گنجان آبادیوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کے اطراف کھلے عام پٹرول کی فروخت جاری ہے ۔مقامی شہریوں کے مطابق متعدد مقامات پر غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے ، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ وقتاً فوقتاً کارروائیوں اور کریک ڈاؤن کے دعوے کیے جاتے ہیں، تاہم چند روز بعد وہی منی پٹرول پمپ دوبارہ فعال ہو جاتے ہیں، جس سے ان کارروائیوں کی مؤثریت اور شفافیت پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے ۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ منی پٹرول پمپ مافیا کے خلاف بلاامتیاز، شفاف اور مستقل بنیادوں پر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔