بچی کو ہراساں کرنے والاتعاقب پر حادثے میں زخمی، گرفتار
تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے میں کمسن بچی کو مبینہ طور پر ہراساں اور نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں مطلوب ملزم پولیس کے تعاقب کے دوران حادثے میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم حسن کی مبینہ سرگرمیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کا سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے نوٹس لیتے ہوئے فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔پولیس کے مطابق مخبر کی اطلاع پر ملزم کی گرفتاری کے لیے طفیل بھٹہ کے قریب ریڈ کیا گیا، تاہم ملزم نے موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کی۔ تعاقب کے دوران ڈیرہ حیدر شاہ کے قریب تیز رفتاری کے باعث اس کی موٹر سائیکل بے قابو ہو کر بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ملزم کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔پولیس نے زخمی حالت میں ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔