پنجاب بھر کی مجالس اور جلوسوں کی میپ پر جیو ٹیگنگ
چیئرمین کابینہ کمیٹی سلمان رفیق کا محکمہ داخلہ کنٹرول روم کادورہ ، بریفنگ لی
لاہور(اے پی پی)صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے پنجاب بھر کی سکیورٹی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں مرکزی جلوسوں و مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کنٹرول روم سے پنجاب بھر کے کنٹرول رومز میں فردا فردا رابطہ کیا اور رپورٹ لی۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نے محکمہ داخلہ میں قائم کردہ ڈیجیٹل میڈیا سیل کا بھی دورہ کیا۔
ڈیجیٹل میڈیا سیل میں سائبر پٹرولنگ اور کوئیک رسپانس سسٹم بارے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام مکمل عقیدت و احترام اور پرامن انداز میں گزار رہے ہیں، پنجاب میں 37 ہزار سے زائد مجالس اور 9 ہزار سے زائد جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ پنجاب بھر کی مجالس اور جلوسوں کی میپ پر جیو ٹیگنگ کی گئی ہے اور کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کے وزرا تمام اضلاع میں جاکر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔