جعلی ڈیجیٹل چالان ایڈٹ کرنے والوں کیخلاف کارروائی
چالان کی تاریخ، رقم یا گاڑی نمبر میں رد و بدل کرنے والوں کو جیل جانا ہو گا
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)انچارج ٹریفک پولیس تحصیل اٹھارہ ہزاری انسپکٹر مہر مبشر احمد سیال کی ہدایت پر جعلی چالان ایڈٹ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔تحصیل بھر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں جبکہ بعض کیسز میں ایف آئی آر بھی درج کی جا رہی ہے ۔گزشتہ روز انچارج ٹریفک پولیس نے ڈیجیٹل چالان سسٹم میں ہیرا پھیری اور موبائل ایپس کے ذریعے چالان ایڈٹ کر کے بوگس رسیدیں جمع کروانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملز موں کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق چالان کی تاریخ، رقم یا گاڑی نمبر میں رد و بدل کرنے والوں کو نہ صرف جرمانے ہوں گے بلکہ قانونی کارروائی کے تحت جیل بھی جانا پڑے گا۔اس کے علاوہ اسکیننگ کے دوران جعلی چالان ثابت ہونے پر گاڑیوں کی فائلیں بلاک اور متعلقہ گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا جا رہا ہے ۔گزشتہ کارروائی میں دو گاڑیاں ضبط کر کے ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا گیا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔عوامی حلقوں نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے انسپکٹر مہر مبشر احمد سیال اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔