ٹوبہ :سبیل کیمپس قائم، ٹھنڈے مشروبات کی فراہمی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال کی زیر نگرانی شہر کے مختلف مقامات پر سبیل کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ ان کیمپس کا مقصد عزاداران اور عام شہریوں کو گرمی کی شدت میں ٹھنڈے مشروبات فراہم کرنا ہے ۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان گجر نے اس حوالے سے بتایا کہ سبیل کیمپس میں شہریوں کے لیے ٹھنڈے مشروبات کا بہترین انتظام کیا گیا ہے جبکہ صفائی ستھرائی کا بھی خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام محرم الحرام کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے باہمی اخوت اور بھائی چارے کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات اس عزم کا اظہار ہیں کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے ساتھ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی فضا مزید مضبوط ہو۔