محرم الحرام ،کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی :عمر عباس
ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مرکزی جلوس کے ہمراہ موجود رہے
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ 5 محرم کے مرکزی جلوس کے ہمراہ موجود رہے اور تمام انتظامات کی براہِ راست مانیٹرنگ کی۔جلوس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر طارق عثمان، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان اور سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلوس کے پرامن انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کو یقینی بنایا گیا۔ جلوس روٹ پر صفائی ستھرائی، سکیورٹی انتظامات اور دیگر سہولیات کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہی۔اس دوران محکمہ صحت، پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کا عملہ مکمل طور پر متحرک رہا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موقع پر موجود رہا۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ محرم کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔