جھنگ :ڈپٹی کمشنر و ڈی پی او کا فلیگ مارچ ،کنٹرول روم کا دورہ
جلوسوں کی مانیٹرنگ، مختلف مقامات پر تعینات عملے کی کارکردگی پر بر یفنگ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین اور پاک آرمی کے افسران نے ضلعی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور بعدازاں فلیگ مارچ کی قیادت بھی کی۔کنٹرول روم کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو جلوسوں کی مانیٹرنگ، مختلف مقامات پر تعینات عملے کی کارکردگی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کنٹرول روم میں نصب مانیٹرنگ سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور اہم مقامات کی نگرانی کے عمل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سبیلوں کے قیام، عزاداروں اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، طبی امداد اور دیگر انتظامات کی کڑی مانیٹرنگ جاری ہے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور پاک آرمی افسران نے مشترکہ طور پر فلیگ مارچ کی قیادت کی، جس میں تمام متعلقہ محکموں نے بھی شرکت کی۔