محرم میں امن اولین ترجیح، فرقہ واریت پر زیرو ٹالرنس:آر پی او
بین المسالک ہم آہنگی کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا :سیمینار میں گفتگو
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ \"پیغامِ پاکستان و پیغامِ امن\" سیمینار میں شرکت کی۔ سیمینار ممتاز مذہبی اسکالر اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان، صاحبزادہ حافظ محمد امجد کی زیرِ صدارت جامعہ قادریہ رضویہ، مصطفیٰ آباد، سرگودھا روڈ فیصل آباد میں منعقد ہوا۔سیمینار میں سابق ارکانِ پارلیمنٹ حاجی اکرم انصاری، شیخ اعجاز، مولانا ریاض کھرل، علامہ طاہر الحسن، مفتی حبیب اللہ، سید حسنین شیرازی سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا اور شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو قومی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قیامِ امن کے لیے متحد ہیں۔مولانا ریاض کھرل نے کہا کہ علماء کرام امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جبکہ علامہ طاہر الحسن نے کہا کہ امن کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ امن، برداشت اور اخوت ہی پیغامِ پاکستان کا حقیقی تشخص ہیں۔ فرقہ واریت، اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔