مڈل سکولوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے : جماعت اسلامی

مڈل سکولوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے : جماعت اسلامی

اقدام غریب عوام کے بچوں سے سستی اور معیاری تعلیم چھیننے کے مترادف ہے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ اور جنرل سیکرٹری چودھری محمد سلیم نے صوبائی حکومت کی جانب سے پرائمری سکولوں کے بعد مڈل سکولوں کو بھی نجی اداروں کے حوالے کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام غریب عوام کے بچوں سے سستی اور معیاری تعلیم چھیننے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سرکاری تعلیمی نظام کو تباہ کرکے تعلیم کو مکمل طور پر کاروبار بنانا چاہتی ہے ۔ مڈل سکولوں کی نجکاری سے نہ صرف تعلیم مہنگی ہوگی بلکہ غریب اور متوسط طبقے کے لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہونے کے خطرے سے دوچار ہو جائیں گے ، جبکہ پنجاب میں پہلے ہی ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے تعلیمی اخراجات نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے ، ایسے حالات میں سرکاری سکولوں کو نجی شعبے کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے ۔ اگر سرکاری سکولوں میں مسائل موجود ہیں تو انہیں دور کیا جائے ، اساتذہ کی کمی پوری کی جائے اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، نہ کہ اداروں کو نجی ہاتھوں میں دے کر حکومتی ناکامی چھپائی جائے ۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ اس پالیسی سے ہزاروں اساتذہ اور دیگر ملازمین کا مستقبل غیر یقینی ہو جائے گا جبکہ غریب والدین بھاری فیسوں اور اضافی اخراجات کے بوجھ تلے دب جائیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں