محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ضلعی امن کمیٹی کااجلاس
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف اور پاک فوج کے افسروں کی شرکت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پاک آرمی کے افسر، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، جلوسوں اور مجالس کے انتظامات، سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ریسکیو اور طبی سہولیات سمیت دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی رواداری کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے اجلاس کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔