فیملی پارک میں لڑکیوں اور بچوں کو ہراساں کرنے والے ملزمان گرفتار
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے ضلع سینٹرل کے تھانہ جوہر آباد کی پولیس نے فیملی پارک میں لڑکیوں اور بچوں کو ہراساں کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جوہر آباد تھانے حدود میں ایف بی ایریا بلاک 14 میں واقع فیملی پارک میں لڑکیوں اور بچوں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے چار افراد شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے ۔مشتعل علاقہ مکینوں نے ملزمان کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پارک میں موجود شہریوں نے چار مشتبہ افراد کو لڑکیوں اور بچوں کو ہراساں کرتے ہوئے دیکھا، جس پر لوگوں نے انہیں پکڑ لیا۔شہریوں نے ملزمان کی درگت بنانے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں کی مدد سے پکڑے گئے چاروں افراد علاقے میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے ۔