خراب شہرت والے جج سے متعلق عدالتی فیصلہ خوش آئند ، مولانا بشیر فاروقی
کراچی(سٹی ڈیسک)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین مولانا بشیر فاروقی نے سپریم کورٹ کے ایک حالیہ فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے۔
کہ عدلیہ میں شفافیت اور بے داغ کردار رکھنے والے ججز ہی ملک میں انصاف کی بالادستی یقینی بنا سکتے ہیں۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے یہ واضح پیغام دینا کہ خراب شہرت رکھنے والا جج عدالتی منصب پر برقرار نہیں رہ سکتا، پاکستان کے عدالتی نظام کے لیے نہایت حوصلہ افزا فیصلہ ہے ۔ ہمارے معاشرے میں بدقسمتی سے یہ جملہ زبان زدِ عام رہا ہے کہ ’’وکیل نہیں، جج کرلو‘‘، جو ایک نہایت افسوسناک اور تکلیف دہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔ حالیہ فیصلے سے امید پیدا ہوئی ہے کہ اب عدلیہ میں احتساب، شفافیت اور کردار کی مضبوطی کو مزید فروغ ملے گا۔ عدالت عظمیٰ نے ایک ایسا فیصلہ دیا ہے جس سے پورے پاکستان میں انصاف پر اعتماد بڑھے گا۔