جڑانوالہ کو ضلع بنایا جائے ، خان بہادر ڈوگر کا اسمبلی میں مطالبہ
نواز شریف بھی جڑانوالہ کے جلسہ عام میں اسے ضلع بنانے کا وعدہ کر چکے ہیں
بچیانہ (نمائندہ دنیا )مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی خان بہادر ڈوگر نے علاقائی عوام کا دیرینہ مطالبہ پنجاب اسمبلی میں اٹھاتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جڑانوالہ کو ضلع کا درجہ دینے کے لیے فوری طور پر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خان بہادر ڈوگر نے کہا کہ جڑانوالہ ریونیو اور آبادی کے لحاظ سے پنجاب کی بڑی تحصیلوں میں شمار ہوتی ہے ، اس لیے اسے ضلع کا درجہ دینا یہاں کے عوام کا حق ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی جڑانوالہ کے جلسہ عام میں اسے ضلع بنانے کا وعدہ کر چکے ہیں، لہٰذا اس وعدے کو عملی جامہ پہنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 19 لاکھ آبادی پر مشتمل تحصیل کے لیے صرف ایک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ناکافی ہے ، اس لیے جڑانوالہ میں \"میاں نواز شریف جنرل ہسپتال\" تعمیر کیا جائے تاکہ شہریوں کو علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے ۔تعلیم کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ جڑانوالہ میں فوری طور پر یونیورسٹی اور میڈیکل کالج قائم کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہ کرنا پڑے ۔