میرپورخاص:عزا خانوں، جلوسوں کو بہتر سہولتیں فراہم ، میئر
رینجرز، پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات، مانیٹرنگ سیل قائم کردیاڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی کے ہمراہ امام بارگاہوں ،جلوسوں کی گزرگاہوں کا دورہ
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) میئر عبدالرؤف غوری، ڈپٹی کمشنر نواب سمیر لغاری اور ایس ایس پی سید فدا حسین شاہ نے محرم الحرام کے حوالے سے شہر کی مختلف امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر میئر عبدالرؤف غوری، ڈپٹی کمشنر نواب سمیر لغاری، ایس ایس پی فدا حسین شاہ، رینجرز افسران نے امام بارگاہوں، عزا خانوں کے منتظمین سے ملاقات اور سکیورٹی و بلدیاتی سہولتوں سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سمیع نواب لغاری، میئر عبدالرؤف غوری کا کہنا تھا ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے امام بارگاہوں، عزا خانوں اور جلوس کی گزر گاہوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، رینجرز اور پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ۔ میئر عبدالرؤف غوری کا کہنا تھا کارپوریشن کی جانب سے تمام یوسی چیئرمینز سمیت ٹاؤن انتظامیہ سے مل کر امام بارگاہوں، عزا خانوں سمیت جلوس کے راستوں پر روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی اور پانی کا چھڑکاؤ کرایا جارہا ہے جس کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی سے مسلسل رابطے افسران کرتے ہیں۔ اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا ضلع حکومت، میونسپل کارپوریشن، رینجرز اور پولیس سمیت تمام اداروں کی جانب سے بہتر انتظامات کیے جانے پر ہمیں مکمل اطمینان ہے جبکہ محرم الحرام کے ایام میں تمام اداروں کی کارکردگی بہتر ہے جس کا تسلسل جاری رہنا چاہئے ۔